بھونیشور،06؍ دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی اس مہینے اڑیسہ کا دورہ کریں گے۔دونوں پارٹیوں کے ذرائع نے جمعرات کو یہ معلومات دی۔ بی جے پی کے اڑیسہ انچارج ارون سنگھ نے کہا کہ مودی 24 دسمبر کو اڑیسہ پہنچیں گے اور کھردا میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے کے پروگرام کا اعلان جلدکیا جائے گا۔اڑیسہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نرنجن پٹنائک نے کہا کہ راہل گاندھی کا دورہ طے ہے لیکن تاریخ مقرر نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی دو روزہ دورے پر اڑیسہ پہنچیں گے۔یہ دورہ 22 اور 23 دسمبر یا 27 اور 28 دسمبر کو ہو سکتاہے۔ پٹنائک کے مطابق کانگریس صدر اس دوران ساحلی، جنوبی اور مغربی اڑیسہ میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ اڑیسہ میں اسمبلی انتخابات اگلے سال لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہونے ہیں۔